جے پور25اگست(آئی این ایس انڈیا) راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے منگل کوکہا کہ کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے ٹھیک کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی عوام کے مفاد میں نہیں بلکہ سرمایہ داروں کے مفاد میں کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی نے قومی اثاثوں کی بڑے پیمانے پر فروخت پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے جسے کانگریس نے 70 سالوں میں تعمیر کرنے میں مددکی تھی۔
قابل ذکر ہے کہ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے منگل کو نیشنل منیٹائزیشن پائپ لائن (این ایم پی) کے اعلان کو نوجوانوں کے مستقبل پرحملہ قراردیا تھا اورالزام لگایا تھا کہ وزیر اعظم نریندر مودی عوامی پیسے سے بننے والے ملک کے قیمتی اثاثوں کو تباہ کر دیں گے۔ راہل گاندھی نے کہا تھا کہ وزیراعظم مودی قومی اثاثے اپنے دوستوں کوتحفے کے طور پر دے رہے ہیں۔
نئی دہلی میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ این ایم پی کچھ کمپنیوں کی اجارہ داری کا باعث بنے گی، جس کی وجہ سے ملک کے نوجوانوں کو روزگار نہیں ملے گا۔ اس کی تائید کرتے ہوئے اشوک گہلوت نے کہاہے کہ پورا ملک این ڈی اے (نیشنل ڈیموکریٹک الائنس) حکومت کی غلطیوں سے پریشان ہے۔ اس سے ہماری معیشت تباہ ہو جائے گی۔ جن شعبوں کو فروخت کیا جا رہا ہے یا ان کی نجی کاری کی جا رہی ہے ان میں اسٹریٹجک اثاثے شامل ہیں۔ حکومت نے اس پر اسٹیک ہولڈرز، یونین ورکرز اور یہاں تک کہ اپوزیشن سے بھی بات نہیں کی۔